’بڑی عُمر کی دلہن نہیں چاہیے‘ دلہے نے دلہن، ساس اور سالی کو گولی مارنے کے بعد اپنی بھی جان لے لی

0

 

تھائی لینڈ کے ایک پیرا ایتھلیٹ اور سابق فوجی نے شادی کے دن اپنی دلہن، ساس اور سالی کو گولی مارنے کے بعد خودکشی کرلی۔


ابتدائی تفصیلات کے مطابق تھائی دولہے نے اپنی شادی کے دن دلہن سمیت تین دیگر افراد کی جان لی۔


29 سالہ چترونگ سکسک اور 44 سالہ کنچنا پچونتھوک کی شادی ہفتے کے روز شمال مشرقی تھائی لینڈ میں ہوئی تھی۔


اطلاعات کے مطابق وہ شادی کی تقریب سے اچانک غائب ہو گئے اور کُچھ ہی دیر کے بعد بندوق کے ساتھ نمودار ہوئے اور اپنی بیوی، ان کی 62 سالہ والدہ اور 38 سالہ بہن کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔


گولیوں نے شادی میں شامل دو مہمانوں کو بھی نشانہ بنایا، جنھیں ہسپتال لے جایا گیا۔ ان میں سے بھی ایک کی ہلاکت ہوئی۔


پولیس نے بی بی سی کو بتایا کہ چترونگ ’اس وقت نشے کی حالت میں تھے‘ لیکن ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ایسا کیوں ہوا۔ پولیس کے مطابق چترونگ نے گزشتہ سال قانونی طور پر بندوق اور گولیاں خریدی تھیں۔


تھائی میڈیا کے مطابق شادی کی تقریب میں شامل چند مہمانوں نے پولیس کو یہ بھی بتایا ہے کہ ’ تقریب جاری تھی کہ اس دوران جوڑے کے درمیان جھگڑا ہوا تھا۔‘ مزید یہ بھی کہ ’چترونگ نے اپنے اور کنچنا کے درمیان عمر کے فرق کے بارے میں نا پسندیدگی کا اظہار کیا تھا اور جب اُن کے کسی اپنے نے اُن کی اس بات پر توجہ نہیں دی تو اُنھوں نے معاملہ ختم کرنے کی ٹھان لی اور یہ انتہائی قدم اُٹھایا۔‘



 




تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ’یہ اب بھی سُنی سُنائی باتیں ہیں اور انھوں نے شواہد جمع کر لیے ہیں اور اُمید ہے کہ جلد ہی اس کیس میں جاری تحقیقات کو مکمل کر لیا جائے گا۔


تھائی میڈیا کے مطابق چترونگ اور کنچنا شادی سے قبل تین سال تک ایک ساتھ ہی رہ رہے تھے۔


چترونگ نے گزشتہ سال انڈونیشیا میں آسیان پیرا گیمز میں تیراکی میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ وہ اگلے ماہ تھائی لینڈ میں ہونے والے ورلڈ ایبلٹی سپورٹس گیمز میں حصہ لینے والے ایتھلیٹس کی فہرست میں بھی شامل تھے۔


تھائی لینڈ کی سرحدوں پر گشت کرنے والی نیم فوجی لائٹ انفنٹری فورس کے ساتھ چترونگ ڈیوٹی دیا کرتے تھے، دورانِ ڈیوٹی زخمی ہونے کے بعد اُن کی دائیں ٹانگ ٹوٹ گئی تھی۔


اگرچہ بڑے پیمانے پر فائرنگ کے واقعات شاذ و نادر ہی ہوتے ہیں لیکن تھائی لینڈ میں بندوق کی ملکیت ایک عام بات ہے۔


گزشتہ ماہ بینکاک کے ایک بڑے شاپنگ مال میں فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد کی ہلاکت ہوئی تھی۔ جس کے بعد گزشتہ اکتوبر میں ایک سابق پولیس اہلکار نے شمال مشرقی تھائی لینڈ میں ایک نرسری میں بندوق اور چاقو کے حملے میں 37 بچوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

Tags

Post a Comment

0Comments
Post a Comment (0)